بنگلورو20؍ستمبر(ایس او نیوز)کاویری نگرانی کمیٹی کے فیصلے کے پیش نظر شہر بھر میں پولیس نے معقول بندوبست کیا ہے۔ صورتحال کی نگرانی کیلئے ہزاروں کی تعداد میں پولیس جوانوں کو شہر بھر میں تعینات کرنے کے ساتھ حساس علاقوں میں حالات کی نگرانی کیلئے نیم فوجی دستوں کی چودہ کمپنیاں متعین کی گئی ہیں۔ یہ بات آج شہر کے پولیس کمشنر این ایس میگرک نے بتائی۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر میں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اس کیلئے معقول انتظامات کے طور پر سی آر پی ایف، آر پی ایف ، بی ایس ایف اور آئی ٹی بی پی جوانوں کو شہر کے شمالی اور مغربی علاقوں میں اتارا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کے ایس آر پی ، سی اے آر ، ہوم گارڈس بھی اتارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی مقامی پولیس کے علاوہ صورتحال کی نگرانی کیلئے 16ہزار جوان میدان میں اتارے گئے ہیں۔ احتیاطی طور پر بس اسٹانڈس ، ایرپورٹ اور ریلوے اسٹیشنوں میں اضافی پولیس تعینات کی گئی ہے۔اڈیشنل کمشنر ڈی سی پیز اور ایس پی اور دیگر افسران کو حفاظتی انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں پچھلے ایک ہفتے سے نافذ امتناعی احکامات برقرار رکھے گئے ہیں ، 25 ستمبر تک یہ احکامات جاری رہیں گے۔